ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا بحران: کشمیر کے سبھی اضلاع میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون جاری

کورونا بحران: کشمیر کے سبھی اضلاع میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون جاری

Mon, 07 Feb 2022 09:24:16    S.O. News Service

سری نگر،7؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) وادی کشمیر میں اتوار کے روز بھی ’ویک اینڈ ‘ لاک ڈاون نافذ رہنے سے ہر سو بازاروں میں سناٹا چھایا رہا اور کاروباری سرگرمیاں بھی ٹھپ ہو کررہ گئیں۔ بتادیں کہ کورونا کی تیسری لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ نے لگاتار تیسرے ہفتے بھی یونین ٹریٹری میں ویک اینڈ لاک ڈاون نافذ کیا ہوا ہے۔ یہ لاک ڈاون جمعہ کی رات نو بجے سے شروع ہو کر پیر کی صبح چھ بجے ختم ہوگا اور اس کا نفاذ ہر ہفتے اگلے احکامات صادر ہونے تک جاری رہے گا۔

یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے اتوار کی صبح مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر کے تمام بازار بند ہیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی معطل ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے کئی مقامات پر پولیس کے ناکے لگا دیئے گئے ہیں اور اہم جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

موصوف نامہ نگار نے کہا کہ اتوار کے پیش نظر لوگوں نے گھروں میں ہی بیٹھنے کو ترجیح دی اور اگر کوئی مجبوری کی حالت میں گھر سے نکلتا ہے تو وہ ماسک وغیرہ لگائے ہوا ہوتا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر ضلع صدور مقامات اور قصبہ جات میں بھی اتوار کو لاک ڈاون نافذ رہا اور بازاروں میں دکان بند اور ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معطل رہی۔

یونین ٹریٹری انتظامیہ کورونا کی تیسری لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے مختلف النوع اقدام کر رہی ہے۔ دریں اثنا پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کا سلسلہ جاری ہے۔


Share: